Welcome To Qalm-e-Sindh

دوسروں کو چور کہنے والے خود چور ثابت ہوئے: سابق وزیر اعظم

سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان اکیلا مجرم نہیں، اس کو لانے والے بھی برابر کے شریک ہیں، جبکہ دوسروں کو چور اور ڈاکو کہنے والے خود چور ثابت ہوئے۔ نواز شریف نے کہا کہ ہم نے عوامی خدمت کا ریکارڈ قائم کیا اور پاکستان کو اخلاقی و معاشرتی دیوالیہ پن سے بچایا ہے۔

لاہور میں ضمنی انتخابات میں کامیاب ہونے والے نومنتخب ارکان اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ اللہ کے فضل سے جھوٹ، گالم گلوچ، بدتمیزی اور فتنے کو شکست ہوئی۔ انہوں نے نو منتخب اراکین اسمبلی کو مبارکباد دی اور کہا کہ عوام نے کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ ن کو ووٹ دیا، جبکہ الیکشن کا بائیکاٹ کرنے والے خود حصہ لے کر ہار گئے۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں ایک بھی ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں کیا گیا، ملک میں صرف تباہی اور بدتہذیبی کا کلچر عام ہوا، خارجہ امور دیوالیہ ہو گئے اور میرٹ کی دھجیاں اُڑائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ترقی کی رفتار جاری رہتی تو آج پاکستان کا عالمی سطح پر ایک مضبوط مقام ہوتا۔

نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہر دور میں ملکی ترقی کے لیے منصوبے شروع کیے، آج میرٹ کا بول بالا ہے، ہر محکمہ تندہی سے کام کر رہا ہے اور حکومتی اقدامات کی وجہ سے مہنگائی میں کمی آئی ہے اور پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا گیا ہے۔

سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پنجاب میں غریبوں کے لیے ایک لاکھ 20 ہزار گھر بنائے جا رہے ہیں، غریبوں کا مفت علاج معالجہ کیا جا رہا ہے، اسپتال بن رہے ہیں، ہر ضلع میں گرین بسیں چل رہی ہیں اور امن و امان کی صورتحال پہلے سے بہتر ہو گئی ہے۔

یاد رہے کہ اتوار کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں ن لیگ نے قومی اسمبلی کی تمام 6 نشستیں اور صوبائی اسمبلی کی 7 میں سے 6 نشستیں جیتیں۔

Related Posts