دریائے سندھ میں گڈو، سکھر اور کوٹری بیراج پر پانی کی آمد میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، جس کے باعث مختلف درجوں کی سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق گڈو بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا جا رہا ہے جہاں پانی کا بہاؤ بڑھ کر 5 لاکھ 61 ہزار کیوسک تک پہنچ چکا ہے۔ سکھر بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کی آمد 4 لاکھ 80 ہزار کیوسک ہو گئی ہے، جبکہ کوٹری بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے جہاں پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 71 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ادھر دریائے سندھ کے دیگر مقامات پر بھی پانی کی سطح میں رد و بدل دیکھنے میں آ رہا ہے۔ کوٹ مٹھن (راجن پور) اور چاچڑاں شریف کے علاقوں میں پانی کی آمد میں معمولی کمی واقع ہوئی ہے اور اس وقت دریا کی سطح 11.5 فٹ پر پہنچ چکی ہے۔ دریائے چناب میں بھی ہیڈ پنجند کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں کمی کا رجحان جاری ہے۔
علاوہ ازیں، دریائے ستلج میں بھی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ گنڈا سنگھ والا اور ہیڈ اسلام کے مقامات پر درمیانے درجے کے سیلاب کی کیفیت موجود ہے، جبکہ ہیڈ سلیمانکی پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب، دریائے راوی میں ہیڈ سدھنائی کے مقام پر بھی پانی کے بہاؤ میں کمی دیکھی گئی ہے۔
متعلقہ ادارے اور ضلعی انتظامیہ مسلسل صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں جبکہ نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر شہریوں کو محتاط رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری انخلا کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔














