Welcome To Qalm-e-Sindh

حیدرآباد میں موسلا دھار بارش، نیاز اسٹیڈیم اور ریلوے ٹریک زیرِ آب

حیدرآباد میں مسلسل بارش کے باعث شہر جل تھل ہو گیا، متعدد نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں جبکہ معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

شہر میں گزشتہ دو دنوں سے جاری بارش کے نتیجے میں پانی مختلف علاقوں میں جمع ہو گیا ہے۔ کرکٹ کے مشہور نیاز اسٹیڈیم میں بھی بارش کا پانی بھر گیا، جس سے اسٹیڈیم کی سطح زیرِ آب آ گئی۔

بارش کے باعث حیدرآباد سے گزرنے والا ریلوے ٹریک بھی پانی میں ڈوب گیا، تاہم ٹرینیں پانی میں ڈوبے ٹریک سے احتیاط کے ساتھ گزرتی رہیں اور اپنی منزل کی جانب روانہ ہوئیں۔

ادھر تھر کی تحصیل ڈیپلو کے سرکاری اسپتال میں بارش کا پانی داخل ہو گیا، جس کے باعث اسپتال کی عمارت عارضی طور پر بند کر دی گئی ہے، اور او پی ڈی کو متبادل مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح سجاول، ٹھٹہ اور نوشہرو فیروز میں بھی شدید بارش کے بعد نشیبی علاقے پانی میں گھر گئے ہیں۔ بارش کے باعث تعلیمی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں، اور آج مہران یونیورسٹی اور سندھ یونیورسٹی میں تدریسی عمل معطل کر دیا گیا ہے۔

Related Posts