Welcome To Qalm-e-Sindh

حکومت کا عمران خان کو اڈیالہ جیل سے منتقل کرنے پر غور: سیاسی منظرنامے میں ہلچل

اسلام آباد: حکومت نے بانی تحریک انصاف عمران خان کو اڈیالہ جیل سے منتقل کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ حالات اس مقام تک پہنچ چکے ہیں جہاں سے واپس جانا ممکن نہیں رہا۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کے ایجنڈے پر گامزن ہے اور احتجاج کے نام پر انتشار پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی نے بھی اس حوالے سے عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ مخالفین خود چاہتے ہیں کہ قیدی کو اڈیالہ جیل سے منتقل کیا جائے اور حکومت اس سلسلے میں سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔

اختیار ولی نے مزید الزام عائد کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا منشیات کے اسمگلروں سے گٹھ جوڑ ہے، جبکہ ان کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے قریبی رشتہ دار بھی منشیات کے کاروبار میں ملوث ہیں اور انہیں پشت پناہی فراہم کی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان کی بہنوں کو ملاقات نہ ملنے پر انہوں نے اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کیا تھا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن کا استعمال کیا، جبکہ کارکنان کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا گیا۔

Related Posts