اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے حکومتی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جس کا مقصد وفاقی اداروں کی کارکردگی کو مؤثر اور شفاف بنانا ہے۔ وزیر خزانہ کو کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ وزیر توانائی، وزیر موسمیاتی تبدیلی، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر اہم حکام بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔
کمیٹی کا اہم کام ایف بی آر کے موجودہ فریم ورک کا جائزہ لینا اور اس ماڈل کو وفاقی حکومت کے دیگر اداروں اور سروس گروپس میں لاگو کرنے کے لیے سفارشات تیار کرنا ہے۔ کمیٹی 360 ڈگری کارکردگی جائزہ ماڈل کو بھی تمام وزارتوں میں نافذ کرنے کی تجاویز دے گی۔ اس کے علاوہ، شفاف اور مؤثر فیڈبیک نظام کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا استعمال کیا جائے گا تاکہ کارکردگی کی جانچ پڑتال میں بہتری لائی جا سکے۔
وزیراعظم نے کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ 30 دن میں اپنی رپورٹ تیار کرے اور اس میں وفاقی اداروں میں ہونے والی اصلاحات، قانونی اور انتظامی تبدیلیوں کے حوالے سے سفارشات پیش کرے۔