حافظ آباد میں تین افراد کے لرزہ خیز قتل اور ان کی لاشیں جلانے کے واقعے میں ملوث ایک اہم ملزم کو بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم قطر فرار ہونے کی کوشش میں تھا جب اسے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گرفتار کیا گیا۔ ملزم کو بعد ازاں تھانہ ونیکے تارڑ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں اس سے تفتیش جاری ہے۔ یہ واقعہ دو روز قبل پیش آیا تھا، جب ملزمان نے تین افراد کو قتل کرنے کے بعد ان کی لاشوں سمیت گاڑی کو بھی آگ لگا دی تھی۔ جاں بحق افراد میں ایک شخص اسپین سے پاکستان واپس آیا تھا جبکہ دوسرا مقتول ایک پولیس کانسٹیبل تھا۔
پولیس نے اس واقعے کا مقدمہ 16 افراد کے خلاف درج کیا ہے، جن میں سے 8 ملزمان نامعلوم ہیں۔ مرکزی ملزم کی گرفتاری کے بعد دیگر مفرور افراد کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام کے مطابق کیس کی تفتیش میں مزید پیش رفت متوقع ہے، اور تمام حقائق کو جلد منظر عام پر لایا جائے گا۔














