Welcome To Qalm-e-Sindh

جے شنکر کی دھمکی ایک چال ہے، اصل مقصد مسئلہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانا ہے: علی رضا سید

کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید نے بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے حالیہ بیان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پر دہشتگردی کے الزامات اور نئی جنگ کی دھمکیاں دینا بھارت کا پرانا حربہ ہے، جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم سے دنیا کی نظریں ہٹانا ہے۔

علی رضا سید نے اپنے بیان میں کہا کہ جے شنکر کی جانب سے برسلز میں دیے گئے انٹرویو میں پاکستان اور آزاد کشمیر پر حملے کی دھمکی نہ صرف اشتعال انگیز ہے بلکہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ بھارت ایک مرتبہ پھر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت سے راہِ فرار اختیار کر رہا ہے۔

چیئرمین کشمیر کونسل نے واضح کیا کہ بھارت کی جانب سے کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ سیاسی کارکن، صحافی، اور انسانی حقوق کے علمبردار جیلوں میں بند ہیں، جبکہ بھارتی فوج آئے روز ماورائے عدالت قتل اور جبری گمشدگیاں انجام دے رہی ہے۔انہوں نے زور دیا کہ کشمیر کا تنازع کوئی دو طرفہ مسئلہ نہیں بلکہ ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی تنازع ہے، جس پر اقوامِ متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں۔ دنیا کو یاد رکھنا چاہیے کہ بھارت نے کشمیری عوام سے حقِ خودارادیت کا وعدہ کیا تھا جو آج تک پورا نہیں کیا گیا۔علی رضا سید نے عالمی برادری، خصوصاً یورپی یونین اور اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالیں کہ وہ نہ صرف اپنے جنگی عزائم سے باز آئے بلکہ مقبوضہ کشمیر تک عالمی میڈیا، انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی مبصرین کو غیر مشروط رسائی دے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے خطے میں نئی جنگی مہم جوئی کی کوشش کی، تو اس کے نتائج انتہائی خطرناک اور ناقابلِ واپسی ہوں گے۔

Related Posts