Welcome To Qalm-e-Sindh

جنہیں بجلی کے بلوں میں کمی نظر نہیں آرہی، ان کی آنکھوں پر پٹی بندھی ہے: وزیر توانائی

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی آ چکی ہے، اور اگر کسی کو بلوں میں واضح فرق نظر نہیں آ رہا تو اس کی آنکھوں پر پٹی بندھی ہوئی ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر توانائی نے کہا کہ اس وقت ایک کروڑ 80 لاکھ صارفین 70 فیصد رعایت پر بجلی حاصل کر رہے ہیں، اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے صارفین کو اضافی ریلیف دیا جائے گا۔

اویس لغاری نے نیٹ میٹرنگ کے نظام پر بات کرتے ہوئے کہا کہ نیٹ میٹرنگ والے اب آزاد بجلی پیدا کرنے والے ادارے (IPPs) بننے جا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں 4 روپے فی یونٹ کا اضافی بوجھ عام صارف پر پڑے گا۔ ان کے مطابق حکومت اس معاملے کو نظر انداز نہیں کر سکتی۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے صارفین سولر پینل نصب کر کے اپنی بجلی کی کھپت کو 200 یونٹ سے کم کر چکے ہیں، جس کے نتیجے میں بلوں میں واضح کمی آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو چاہیے کہ وہ حقائق کا ادراک کریں کیونکہ بجلی کی قیمت میں کمی کا فائدہ صارفین تک پہنچ رہا ہے۔

اویس لغاری نے مزید کہا کہ حکومت پر سیاسی بھرتیوں کا الزام نہیں لگ رہا، بلکہ حکومت نے توانائی کے شعبے کی کمپنیوں کو بااختیار بنایا ہے تاکہ وہ مؤثر انداز میں کام کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اختیارات کی جنگ میں نہیں پڑی، بلکہ اداروں کو خود مختاری دی جا رہی ہے۔

Related Posts