Welcome To Qalm-e-Sindh

جماعت اسلامی کا کےالیکٹرک کے خلاف زبردست احتجاج، کراچی کے 11 مقامات پر مظاہروں کا سلسلہ جاری!

کراچی: جماعت اسلامی نے کےالیکٹرک کی ناقص کارکردگی اور ظلم کے خلاف شہر کے مختلف علاقوں میں شدید احتجاج کیا، جہاں 11 اہم مقامات پر مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی قیادت میں لیاقت آباد، اورنگی ٹاؤن، لانڈھی سمیت دیگر علاقوں میں مظاہرین نے بھرپور شرکت کی اور کےالیکٹرک کا لائسنس فوری منسوخ کرنے کا مطالبہ کردیا۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ کےالیکٹرک کراچی کے شہریوں کو لوڈشیڈنگ کی اذیت میں مبتلا کرکے اجتماعی سزا دے رہی ہے، اور اس ظلم میں وفاقی و صوبائی حکومتیں بھی برابر کی شریک ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ روزانہ 12 سے 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے نہ صرف گھریلو زندگی کو تباہ کیا بلکہ کاروبار، تعلیم اور صحت کے شعبوں کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کراچی کو نیشنل گرڈ سے براہِ راست بجلی فراہم کی جائے تاکہ شہریوں کو فوری ریلیف مل سکے۔ جماعت اسلامی نے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس احتجاج میں بھرپور شرکت کریں تاکہ حکومتی اداروں پر دباؤ بڑھایا جا سکے اور کےالیکٹرک کی لوڈشیڈنگ کا مستقل حل نکالا جا سکے۔

کراچی میں برقی دہشتگردی کے خلاف یہ احتجاج شہر بھر میں شدید ردعمل کا باعث بنا، اور عوام میں کےالیکٹرک کے خلاف غم و غصہ عیاں ہے۔

Related Posts