Welcome To Qalm-e-Sindh

جشن آزادی پر ہوائی فائرنگ سے بچی سمیت تین افراد جاں بحق ستر سے زائد زخمی

پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر کراچی میں ہوائی فائرنگ کے باعث افسوسناک واقعات پیش آئے، جن میں ایک بچی سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ 70 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

ملک بھر میں آزادی کا دن جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے، تاہم کراچی میں رات 12 بجتے ہی ہوائی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا، جس کے باوجود پولیس کی جانب سے پہلے ہی سخت وارننگ جاری کی گئی تھی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق عزیز آباد بلاک 8 میں ہوائی فائرنگ کی زد میں آ کر 8 سالہ بچی جاں بحق ہوئی، جب کہ کورنگی ساڑھے 3 میں اسٹیفن نامی شہری گولی لگنے سے دم توڑ گیا۔ ایک تیسرے شخص کی ہلاکت کی اطلاع بھی موصول ہوئی ہے، تاہم اس کی شناخت تاحال سامنے نہیں آئی۔

زخمیوں کو فوری طور پر سول، جناح، عباسی شہید اور جوہر کے نجی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں متعدد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

پولیس کے مطابق ہوائی فائرنگ میں ملوث 20 سے زائد افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولیاں برآمد کر لی گئی ہیں، جب کہ مقدمات درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔ واضح رہے کہ جشنِ آزادی کے موقع پر کراچی کی بڑی شاہراہوں، عمارتوں اور بازاروں کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا تھا، اور شہر بھر میں قومی جذبے کے ساتھ تقاریب اور ریلیاں منعقد ہوئیں۔ اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں بھی یومِ آزادی جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔

Related Posts