وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ وہ صرف بانی پی ٹی آئی کے حکم کے پابند ہیں اور جب وہ کہیں گے، موجودہ حکومت کو پل بھر میں ختم کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اقتدار بانی جماعت کی امانت ہے اور وہی اس کے اصل مالک ہیں۔
علی امین نے واضح کیا کہ وہ نہ کسی گورنر کے ماتحت ہیں، نہ ہی کسی اور کو جوابدہ۔ اُن کے بقول، اگر بانی مطمئن ہیں تو کسی اور کی رائے کی کوئی حیثیت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بجٹ کی منظوری میں شرکت صرف اس لیے کی تاکہ قانونی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے، لیکن اگر قیادت کا اشارہ ہوتا تو وہ لمحوں میں اسمبلی کو الٹ سکتے تھے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پارٹی میں کوئی دھڑا بندی نہیں، سب کے سب بانی کی قیادت میں متحد ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ آج بانی سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جا رہے ہیں تاکہ تمام ہدایات براہ راست لیں۔ علی امین گنڈاپور نے دوٹوک انداز میں کہا کہ جو بھی فیصلہ ہوگا، وہ بانی تحریک انصاف کا ہوگا اور وہی ان کے ہر عمل کے ذمہ دار ہیں۔














