Welcome To Qalm-e-Sindh

تیراہ میں آپریشن کا فیصلہ وزیراعلیٰ کے پی کے کی زیرصدارت اجلاس میں ہوا، حکومت بظاہر مخالفت کر رہی ہے: ڈاکٹر عباداللہ

پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ نے کہا ہے کہ تیراہ میں آپریشن کا فیصلہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں ہوا، تاہم صوبائی حکومت بظاہر اس کی مخالفت کرتی نظر آ رہی ہے۔

پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر عباداللہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی صفر ہے اور صوبائی حکومت کو عوامی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں کرپشن کی بھرمار ہے اور عوام کو درپیش مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کی مجموعی صورتحال مسلسل بدتر ہوتی جا رہی ہے، حکومت بتائے کہ اب تک اس نے کیا اقدامات کیے ہیں؟ دیگر صوبے ترقی کر رہے ہیں جبکہ خیبرپختونخوا پیچھے جا رہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صوبے پر رحم کیا جائے اور حالات کو مزید خراب نہ کیا جائے۔

ڈاکٹر عباداللہ نے کہا کہ تیراہ میں آپریشن کا فیصلہ ایپکس کمیٹی میں ہوا، حکومت صرف دکھاوے کی مخالفت کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن حکومت کی ایما پر ہو رہا ہے، اور اگر حکومت کے اختیار میں کچھ نہیں تو پھر اسے اقتدار چھوڑ دینا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جرگے کے ساتھ معاہدہ ڈپٹی کمشنر نے کیا، جو صوبائی حکومت کے ماتحت ہے، جبکہ آئی جی کی بریفنگ کے مطابق پولیس میں اس آپریشن کی مکمل صلاحیت موجود نہیں۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ 18ویں ترمیم سے متعلق وفاقی وزیر خواجہ آصف کا بیان ان کی ذاتی رائے ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ صوبائی حکومت نچلی سطح تک فنڈز منتقل نہیں کر رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے بھر کی تمام جامعات میں یکساں بنیادوں پر لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے، جبکہ فنڈز کے حوالے سے غلط بیانی کی جا رہی ہے۔

Related Posts