اسلام آباد : وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اعلان کیا ہے کہ حکومت آئندہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مکمل پروگرام ترتیب دے چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلیف کی تفصیلات فی الحال میڈیا کو نہیں بتائی جا سکتیں، تاہم یہ تفصیلات آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ کاروباری طبقے کے لیے بھی سہولیات دی جا رہی ہیں تاکہ ایکسپورٹ بیسڈ اکنامی کو فروغ دیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ایسی مصنوعات موجود ہیں جو عالمی سطح پر برانڈ بن سکتی ہیں۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ایک اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد جلد امریکہ روانہ ہوگا، جہاں امریکہ کے ساتھ تعمیری مذاکرات کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔محمد اورنگزیب نے مزید بتایا کہ جولائی یا اس سے پہلے بجلی کے بلوں میں مزید کمی لانے پر بھی کام جاری ہے۔ حال ہی میں حکومت نے ملک بھر میں بجلی 1 روپے 71 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ بجٹ کے لیے 98 فیصد تجاویز سرکاری اور نجی شعبے سے موصول ہو چکی ہیں اور ان پر مل کر کام کیا جا رہا ہے۔ بجٹ یکم جولائی کو نافذ ہوگا اور اس کے بعد اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے دیے گئے تمام اہداف مکمل کر لیے گئے ہیں اور حکومت کو توقع ہے کہ مئی میں اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری مل جائے گی۔