Welcome To Qalm-e-Sindh

ترقی دشمن عناصر سے مذاکرات نہیں ہوں گے : گورنر سندھ

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ ایسے عناصر سے مذاکرات نہیں کیے جانے چاہئیں جو پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ بنتے ہوں۔

بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش کے موقع پر گورنر سندھ نے مزارِ قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان خطے میں ایک اہم اور مضبوط ملک کے طور پر ابھر چکا ہے اور معیشت کے میدان میں بھی فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح پاکستان نے بھارت کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی، اسی طرح معاشی محاذ پر بھی کامیابی حاصل کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر شائع ہونے والی رپورٹس پاکستان کی کامیابی اور بھارت کی ناکامی کی نشاندہی کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق، پاکستان اس وقت عالمی توجہ کا مرکز بن چکا ہے اور دوٹوک عسکری پالیسی اور مؤثر حکمت عملی نے ملک کا اعتماد بحال کیا ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کا سہرا عسکری قیادت کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ مضبوط فیصلوں نے پاکستان کو عالمی سطح پر نمایاں مقام دلایا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتیں مذاکرات پر آمادہ نہیں، جبکہ ایسے افراد سے بات چیت نہیں ہونی چاہیے جو ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بنیں۔

کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہا ہے اور سعودی عرب کے ساتھ سیکیورٹی تعاون میں بھی اہم ذمہ داریاں نبھا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کے معاملے پر پاکستان نے واضح اور دوٹوک پالیسی اختیار کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سال 2025 پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم اور فیصلہ کن سال ثابت ہوگا، کیونکہ ملک معاشی استحکام اور ترقی کی جانب ایسے فیصلے کر رہا ہے جو کئی دہائیوں سے التوا کا شکار تھے۔

Related Posts