پنجاب حکومت کے ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے سلال ڈیم کے تمام دروازے کھول دیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں 8 لاکھ کیوسک پانی پر مشتمل ایک بڑا سیلابی ریلا پاکستان کی جانب بڑھ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ ریلا آئندہ دو روز میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر پہنچنے کا امکان ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو اس سلسلے میں ابتدائی اطلاعات موصول ہو چکی ہیں، اور ممکنہ خطرے کے پیش نظر اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دریائے چناب سے ملحقہ آبادیوں میں اعلانات کروائے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو ممکنہ خطرے سے بروقت آگاہ کیا جا سکے۔ مقامی سطح پر محفوظ مقامات کی نشاندہی، نقل مکانی کے انتظامات اور دیگر ضروری تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ اگر ریلا مقررہ مقدار میں داخل ہوتا ہے تو اس سے ممکنہ نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔














