Welcome To Qalm-e-Sindh

بھارتی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا: کور کمانڈرز

کور کمانڈرز کانفرنس نے اعلان کیا ہے کہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا اور کسی بھی “نیو نارمل” کا مقابلہ ایک نئے، تیز اور مؤثر جوابی نارمل سے کیا جائے گا۔ کانفرنس میں کہا گیا کہ مخصوص سیاسی سرپرستی میں دہشتگردی اور جرائم کا گٹھ جوڑ اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔

272 ویں کور کمانڈرز کانفرنس چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیرِ صدارت جنرل ہیڈکوارٹرز، راولپنڈی میں منعقد ہوئی، جس میں بھارتی سرپرستی میں ہونے والے دہشتگرد حملوں کے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ آرمی چیف نے غیرملکی سپانسرڈ دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کے جوانوں کے جذبے، عزم اور حوصلے کو سراہا اور سیلابی صورتحال میں امدادی و بحالی سرگرمیوں میں پاک فوج کے کردار پر خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔

کانفرنس میں دہشتگردی کے خلاف آپریشنز، اُبھرتے ہوئے خطرات اور آپریشنل تیاریوں کا جامع جائزہ لیا گیا۔ فورم نے واضح کیا کہ پاک فوج ہر میدان میں ملکی دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ مخصوص سیاسی سرپرستی میں دہشتگردی اور جرائم کا جوڑ ریاست اور عوام کے مفادات کو نقصان پہنچا رہا ہے اور یہ اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔

شرکا نے بھارتی سیاسی و عسکری قیادت کے حالیہ غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیانات پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے بیانات خطے میں کشیدگی بڑھا سکتے ہیں اور امن و استحکام کے لیے خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ فورم نے کہا کہ دشمن کی جغرافیائی برتری کے کسی بھی تصور کو نیست و نابود کر دیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد گروہوں کے نیٹ ورکس، بشمول “فتنہ الخوارج” اور “فتنہ الہندوستان” کے نیٹ ورکس، مکمل طور پر ختم کیے جائیں گے اور اس کے لیے جامع انسداد دہشتگردی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

کانفرنس کے شرکا نے پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیوں کو سراہا اور علاقائی و عالمی امن کے لیے اپنے عزم کو دہرایا۔ فورم نے پاکستان–سعودی عرب تاریخی اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاہدہ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور بیرونی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاعی تعاون کو فروغ دینے کا عکاس ہے۔

کانفرنس نے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کو دہرایا اور متعلقہ اقوامِ متحدہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کے تسلیم پر زور دیا۔ اسی طرح فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور فوری جنگ بندی اور غزہ کے عوام کے لیے انسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا۔ فورم نے واضح موقف دہرایا کہ مسئلہ فلسطین کا حل دو ریاستی فارمولے میں ہے—آزاد فلسطینی ریاست 1967ء سے قبل کی سرحدوں کے مطابق اور القدس اس کی دارالحکومت ہونی چاہیے۔

آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج روایتی، غیر روایتی، ہائبرڈ یا غیر متوازن نوعیت کے خطرات کا مؤثر مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام کمانڈرز آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، جسمانی فٹنس، جدیدیت اور ذمہ داری کے معیار برقرار رکھیں۔

Related Posts