وزیرِ بلدیات سندھ سعید غنی نے بھارتی حکومت کے حالیہ اقدامات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کو منسوخ کرنا قابل مذمت قرار دیا۔ کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو غیر ذمے دارانہ قرار دیا اور کہا کہ اگر بھارت کے پاس کوئی ثبوت ہیں تو انہیں پاکستان کے سامنے پیش کرنا چاہیے۔
سعید غنی نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم نے دیر سے ہی سہی، نہروں کے مسئلے پر نوٹس لیا، اور اُمید ظاہر کی کہ سندھ کے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے متنازعہ منصوبہ ترک کر دیا جائے گا۔
شازیہ مری کا بھی بھارتی جارحیت پر سخت ردعمل: “پاکستان دفاع کرنا جانتا ہے”
پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے بھی بھارتی اقدامات پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا بخوبی جانتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ملک کے حالات کو معمول پر لانے کی کوشش کرنی چاہیے، اور پاکستان ہر حال میں اپنے دفاع کے لیے تیار ہے۔