بھارتی اداکارہ مونی رائے نے پلاسٹک سرجری سے متعلق افواہوں پر خاموشی توڑتے ہوئے اپنا ردِ عمل دیا ہے۔ حال ہی میں اپنی فلم “دی بھوتنی” کی پروموشن کے دوران ایک تقریب میں ان کا تاثرات سے عاری چہرہ دیکھ کر سوشل میڈیا پر صارفین نے یہ گمان کیا کہ انہوں نے پلاسٹک سرجری کروائی ہے، جس پر شدید ٹرولنگ شروع ہو گئی۔ مونی رائے نے اس پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ ٹرولرز پر توجہ نہیں دیتیں اور نہ ہی ایسی باتوں سے پریشان ہوتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر فارغ لوگ بیٹھے ہیں، اور اگر کوئی ان میں خوش ہو کر ٹرولنگ کرے تو یہ ان کا معاملہ ہے، انہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ مونی کا یہ مؤقف ان کے مداحوں نے سراہا اور سوشل میڈیا پر ان کے حوصلے کی تعریف کی۔