وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث افراد سماج کے ناسور ہیں اور انہیں جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔
مریم نواز نے بچوں کے جنسی استحصال اور تشدد کی روک تھام و بحالی کے عالمی دن کے موقع پر جاری پیغام میں کہا کہ پنجاب میں پاکستان کا پہلا ورچوئل سینٹر برائے چائلڈ سیفٹی قائم کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مستحکم گورننس کے امتزاج سے بچوں کی حفاظت کے لیے ایک محفوظ نظام تیار کیا گیا ہے، اور پنجاب کے اس ورچوئل سینٹر نے ہزاروں بچوں کو ان کے خاندانوں سے دوبارہ ملا دیا ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ بچے میری اولین ترجیح ہیں، اور بچوں کی حفاظت ہمارا بنیادی فرض ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث افراد کے خلاف کسی رعایت کی گنجائش نہیں ہوگی۔














