Welcome To Qalm-e-Sindh

بلوچستان میں پوست کی فصل کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 1200 ایکڑ پر کاشت فصل تلف

شمالی بلوچستان میں پوست کی کاشت کے خلاف جاری بڑے پیمانے پر آپریشن کے دوران چمن، پشین اور قلعہ عبداللّٰہ میں مجموعی طور پر 1200 ایکڑ پر اگائی گئی منشیات کی بنیادی فصل پوست کو تلف کر دیا گیا۔ ڈویژنل کمشنر ریاض خان کے مطابق توبہ اچکزئی کے علاقے میں 400 ایکڑ زمین پر کھڑی پوست کی فصل تباہ کی گئی۔لیویز حکام نے بتایا کہ آپریشن کے دوران ریونیو اسٹاف پر مقامی افراد کی جانب سے پتھراؤ بھی کیا گیا، جس کے بعد اضافی لیویز اہلکاروں کو فوری طور پر طلب کیا گیا تاکہ کارروائی کو بحفاظت مکمل کیا جا سکے۔اسسٹنٹ کمشنر پشین علی احمد کے مطابق چمن کے علاقوں کربلا، حرمزئی اور علیزئی میں جاری آپریشن میں 100 سے زائد اہلکار حصہ لے رہے ہیں، اور کارروائی کو جدید طریقوں سے انجام دینے کے لیے ڈرون کیمروں کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ بالائی علاقوں میں چھپی فصلوں کا پتہ لگایا جا سکے۔لیویز اور ضلعی انتظامیہ کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 500 سے زائد ایکڑ پر پوست کی فصلیں مکمل طور پر تلف کی جا چکی ہیں، جب کہ اسسٹنٹ کمشنر پشین نے تصدیق کی ہے کہ ان کی تحصیل میں 300 ایکڑ سے زائد زمین پر پوست کی فصل کا خاتمہ کیا جا چکا ہے۔

Related Posts