Welcome To Qalm-e-Sindh

بلاول بھٹو زرداری کا بھارت کو سندھ طاس معاہدہ ماننے پر مجبور کرنے کا اعلان، ورنہ چھ کے چھ دریا چھین لینے کی دھمکی

کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کو سندھ طاس معاہدہ ماننے پر مجبور کیا جائے گا، اگر وہ نہیں مانے گا تو کراچی والے چھ کے چھ دریا چھین لیں گے۔

نیو حب کینال کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کے ایم سی کے ساتھ پانی کے منصوبے کا افتتاح کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے کراچی کو روزانہ 100 ایم جی ڈی اضافی پانی فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ اور میئر کی محنت سے جلد ہی لیاری کو بھی زیادہ پانی مل سکے گا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت اور بلدیاتی نظام مل کر کام کر رہے ہیں، لیکن وفاقی حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو شہباز اسپیڈ کے بجائے شہباز سلو ملا ہے، جو ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کو تو شہباز اسپیڈ مل رہا ہے جبکہ کراچی کو سست رفتار ترقی دی جا رہی ہے۔

بلاول بھٹو نے سندھ اور حیدرآباد میں جاری تاریخی ترقیاتی منصوبوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ان شہروں میں ترقی واضح طور پر نظر آ رہی ہے۔

سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت کو سفارتی محاذ پر عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس کے بعد وہ بزدلانہ حربے استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے مودی سرکار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدہ توڑنا چاہتا ہے، لیکن کراچی کے لوگ سندھو دریا کا دفاع جانتے ہیں۔

بلاول کا کہنا تھا کہ بھارت کو مجبور کیا جائے گا کہ وہ سندھ طاس معاہدہ تسلیم کرے، اور اگر وہ ایسا نہیں کرتا تو کراچی والے چھ کے چھ دریا چھین لیں گے۔

Related Posts