Welcome To Qalm-e-Sindh

بدمعاشی کریں گے تو خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگ سکتا ہے: فیصل واوڈا

سینیٹر فیصل واوڈا نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی خبریں سامنے آنے پر کہا ہے کہ اگر کوئی بدمعاشی کرے گا تو گورنر راج لگانے کا آپشن سامنے آ سکتا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ تمام فریقین کی کوشش ہونی چاہیے کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سے کہا کہ اپنی حکومت چلائیں اور ہائی کورٹ کے آرڈر کے بعد کسی بھی قسم کی غلطی ان کی نااہلی کا سبب بن سکتی ہے۔

فیصل واوڈا نے واضح کیا کہ وہ نہیں چاہتے کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگے، لیکن اگر غنڈہ گردی کی گئی تو ملک کے پاس کوئی اور آپشن نہیں بچے گا۔

سینیٹر نے مزید کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ فیصل کریم کنڈی ہی گورنر خیبرپختونخوا رہیں اور کسی دوسرے نام کی صورت میں وہ سیاسی طور پر قابل قبول نہیں ہو سکتا۔

فیصل واوڈا نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی خواہش رکھنے والوں کو بھی پیغام دیا کہ سیاسی معاملات دیوار سے ٹکرانے سے حل نہیں ہوں گے بلکہ ان کے لیے ایک ہی راستہ ہے کہ وہ وزیراعظم اور صدر مملکت سے ملاقات کریں، کیونکہ ہر مسئلے کی چابی صدر آصف علی زرداری کے پاس ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کا بیان اور اسمبلی میں آنا ظاہر کرتا ہے کہ وہ حکومت کے ساتھ ہیں۔

Related Posts