وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ باہر بیٹھ کر سوشل میڈیا کے ذریعے فیک نیوز پھیلانے والے یہ سمجھ رہے ہیں کہ انہیں تحفظ حاصل ہوگا، لیکن یہ ممکن نہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران محسن نقوی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر تقریباً 90 فیصد خبریں غلط چل رہی ہیں، اور یہ نہیں ہو سکتا کہ جو چاہیں اسے بلا روک ٹوک چلائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر غلط خبریں پھیلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ نیشنل میڈیا پر بھی غلط خبریں نشر کرنے پر نوٹس جاری ہوتے ہیں، اور اظہار رائے کی آزادی کے باوجود فیک نیوز کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے زور دیا کہ جو لوگ جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں، ان کے خلاف کارروائی یقینی ہوگی۔
محسن نقوی نے کہا کہ قومی سلامتی کے معاملات پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے لندن میں بیٹھ کر اداروں کے بارے میں بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو خبردار کیا کہ اگر کوئی ثبوت ہے تو اسے سامنے لائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ باہر بیٹھ کر فیک نیوز پھیلا رہے ہیں، انہیں بتا دوں کہ وہ بہت جلد واپس لائے جائیں گے اور ساری باتوں کا جواب دینا ہوگا۔














