کراچی میں جاری شدید بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر وزیراعلیٰ سندھ کا ردعمل سامنے آ گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بارش ایک قدرتی عمل ہے، اور جب بارش ہوگی تو پانی جمع بھی ہوگا، جیسے ہی بارش کا سلسلہ تھمے گا، نکاسی کا عمل تیز کر دیا جائے گا۔
نرسری کے علاقے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات دنیا بھر میں نمایاں ہو رہے ہیں۔ حالیہ ہفتوں میں خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بھی شدید بارشوں سے درجنوں جانیں ضائع ہو چکی ہیں، جب کہ کراچی میں گزشتہ روز 12 گھنٹوں میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ انتظامیہ، بلدیاتی اداروں کا عملہ اور وہ خود سڑکوں پر موجود ہیں اور عوام کی مدد کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ بارش کے پانی کی نکاسی کا عمل مکمل سنجیدگی سے جاری ہے۔ انہوں نے شہر میں عام تعطیل کے اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی کہ جب حکومت تعطیل دے تو عوام کو بھی چاہیے کہ وہ گھروں پر رہیں اور غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں۔ وزیراعلیٰ نے تسلیم کیا کہ انتظامیہ سے کوتاہیاں ہو سکتی ہیں، مگر حکومت اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے اور حالات کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔
گزشتہ روز کراچی میں ہونے والی موسلا دھار بارش نے شہر کو بری طرح متاثر کیا، نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک نظام درہم برہم ہو گیا، اور مختلف حادثات کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع بھی ہوا۔ حکومتی ادارے شہر کی بحالی اور نکاسیِ آب کے لیے سرگرم ہیں۔














