پنجاب بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں 63 ہزار 970 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے چالان کیے گئے، جبکہ مجموعی طور پر 8 کروڑ 42 لاکھ 90 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق صوبے بھر میں 23 ہزار 904 گاڑیاں مختلف تھانوں میں زیرِ تحویل ہیں۔ ہیلمٹ نہ پہننے کی خلاف ورزی پر ایک دن میں 28 ہزار چالان کیے گئے، جبکہ 4 ہزار 312 افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کے لیے گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی اور ملتان میں ڈرونز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ ٹریفک کوئیک فورس کی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں تاکہ سڑکوں پر نظم و ضبط کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔














