Welcome To Qalm-e-Sindh

ایل او سی پر بھارتی فوج کا دوسرا کواڈ کاپٹر بھی مار گرایا گیا، پاک فوج کا مؤثر جواب

اسلام آباد: پاکستان فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی ایک اور جاسوسی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے دوسرا کواڈ کاپٹر بھی مار گرایا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کا یہ کواڈ کاپٹر ستوال سیکٹر میں پاکستانی حدود میں جاسوسی کر رہا تھا، جسے پاک فوج نے فوری اور مؤثر کارروائی کے ذریعے تباہ کر دیا۔ گرایا گیا کواڈ کاپٹر “فینٹم 4” ماڈل کا تھا۔

آج ہی اس سے قبل پاک فوج نے بھمبر کے مناور سیکٹر میں بھی ایک بھارتی کواڈ کاپٹر مار گرایا تھا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت جانب سے مسلسل خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کے یہ غیر ذمہ دارانہ اقدامات نہ صرف دوطرفہ تعلقات کو متاثر کر رہے ہیں بلکہ خطے کے امن و استحکام کے لیے بھی خطرہ بن رہے ہیں۔

ماہرین کے مطابق کواڈ کاپٹرز کا پاکستانی حدود میں داخل ہونا ایک دانستہ اشتعال انگیزی ہے، جس کا مقصد پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کرنا اور خطے میں کشیدگی کو بڑھانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے بروقت اور درست کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا بلکہ اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور مکمل دفاعی تیاری کا بھی ثبوت دیا ہے۔

دفاعی تجزیہ کاروں کا مزید کہنا ہے کہ پاک فوج کسی بھی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور ملک کی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

Related Posts