پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹر پر ہونے والے خودکش دھماکوں کی تفتیش جاری ہے۔ تفتیشی حکام کے مطابق نادرا نے تینوں حملہ آوروں کے افغان شہری ہونے کی تصدیق کر دی ہے، تاہم حملہ آوروں سے متعلق مزید تفصیلات ابھی تک موصول نہیں ہو سکیں۔
حکام نے بتایا کہ دھماکے سے متعلق اب تک 100 سے زائد مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی جا چکی ہے، جبکہ حملہ آوروں کی رحمان بابا قبرستان سے ایف سی ہیڈکوارٹر تک آمد کی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے۔
تفتیشی ٹیم کے مطابق سہولت کار کی تلاش جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے روز تینوں خودکش حملہ آوروں کے پاس کوئی موبائل فون موجود نہیں تھا۔
واضح رہے کہ 24 نومبر کو فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز میں ہونے والے خودکش دھماکوں میں 3 ایف سی اہلکار شہید جبکہ تینوں حملہ آور ہلاک ہو گئے تھے۔














