فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے ودہولڈنگ ٹیکس کو غیر شرعی قرار دیے جانے کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے کونسل کی رائے سے اصولی اختلاف کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ اس سلسلے میں قانونی ٹیم سے مشاورت کا عمل بھی مکمل ہو چکا ہے اور جلد درخواست دائر کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل نے اپنے فیصلے میں بینک سے رقم نکالنے یا منتقل کرنے پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس کو غیر شرعی قرار دیا تھا۔ کونسل کے مطابق یہ ٹیکس شریعت کے اصولوں سے متصادم ہے اور مالی زیادتی کے مترادف ہے۔
ایف بی آر کا مؤقف ہے کہ کونسل کی رائے پر مکمل انحصار کیے بغیر معاملہ آئینی اور قانونی دائرہ کار میں حل کیا جانا ضروری ہے، لہٰذا اس پر حتمی رائے کا اختیار سپریم کورٹ کے پاس ہونا چاہیے۔














