ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 کے فائنل میں بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان اور بھارت کسی فائنل میں آمنے سامنے ہیں، اور یہ تاریخی مقابلہ دبئی میں کھیلا جا رہا ہے۔
پاکستان کی جانب سے اوپنرز صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان نے پراعتماد آغاز کیا ہے، اور 7 اوورز کے اختتام پر بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 57 رنز بنائے ہیں۔
فائنل کے لیے پاکستانی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں:
کپتان سلمان علی آغا، صائم ایوب، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، حسین طلعت، محمد حارث، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد۔
بھارتی ٹیم کو ایک اہم دھچکا اس وقت لگا جب آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا انجری کے باعث فائنل سے باہر ہو گئے۔ ان کی جگہ رنکو سنگھ کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
ایشیا کپ 2025 میں بھارت نے گروپ اسٹیج اور سپر فور مرحلے میں پاکستان کو شکست دی تھی، تاہم پاکستان نے ٹورنامنٹ کے دوران باقی تمام ایشیائی ٹیموں کو ہرایا ہے۔
اب تک کسی بھی کثیر ملکی ٹورنامنٹ کے فائنلز میں پاکستان اور بھارت پانچ مرتبہ ایک دوسرے کے مدِ مقابل آ چکے ہیں۔ ان میں پاکستان نے تین بار جبکہ بھارت نے دو بار کامیابی حاصل کی ہے۔














