Welcome To Qalm-e-Sindh

ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے، پاکستان کا سخت ردعمل سامنے آگیا

ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد پاکستان نے سخت ردعمل دیتے ہوئے ان حملوں کو خطے کے امن اور استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ یہ حملے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے جاری بیان میں کہا کہ:

“یہ حملے اسرائیلی کارروائیوں کا تسلسل معلوم ہوتے ہیں، جن سے نہ صرف خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ عالمی سلامتی کو بھی سنگین خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔”

بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے، اور یکطرفہ جارحیت کسی صورت قبول نہیں کی جا سکتی۔ ترجمان کے مطابق:

“مشرق وسطیٰ کو ایک اور بڑے تصادم کی طرف دھکیلنا عالمی برادری کی ناکامی کا ثبوت ہوگا، اور اس کے نتائج پوری دنیا کو بھگتنے پڑیں گے۔”

پاکستان نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ فوری طور پر تمام فریقین کو کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔ بیان میں کہا گیا:

“شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ناگزیر ہے، اور موجودہ حالات میں انسانی ہمدردی کے اصولوں پر عمل درآمد سب سے اہم ضرورت ہے۔”

پاکستان نے ایک بار پھر اس موقف کو دہرایا کہ:

“طاقت کے استعمال سے کبھی دیرپا امن قائم نہیں ہو سکتا۔ مذاکرات اور سفارتکاری ہی واحد راستہ ہیں جو اس بحران کو پُرامن انجام تک لے جا سکتے ہیں۔”

دفتر خارجہ نے تمام متعلقہ ممالک اور عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ فوری مداخلت کریں اور حالات کو مزید بگاڑنے سے روکیں۔

Related Posts