Welcome To Qalm-e-Sindh

ایران پر حملے اہداف کی تکمیل تک جاری رہیں گے، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا دو ٹوک اعلان

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی اس وقت تک نہیں رُکے گی جب تک تمام سیکیورٹی اہداف مکمل طور پر حاصل نہیں ہو جاتے۔ ایران پر اسرائیلی حملے کے بعد اپنے پہلے باضابطہ بیان میں نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل نے ایرانی جوہری پروگرام کے “مرکزی نظام” کو نشانہ بنایا ہے اور یہ کارروائی ایک محدود حملہ نہیں بلکہ ایک منظم فوجی آپریشن ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن “رائزنگ لائن” کے نام سے جاری ہے اور اس کا مقصد صرف چند تنصیبات کو تباہ کرنا نہیں، بلکہ ایران کے ممکنہ جوہری ہتھیاروں کی تیاری کو جڑ سے اکھاڑنا ہے۔ نیتن یاہو کے مطابق ایران نے حالیہ مہینوں میں ایسے اقدامات کیے جو اس سے پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آئے، اور اسرائیل کے پاس اب اس خطرے کو نظر انداز کرنے کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہی۔

اسرائیلی وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا:

“ہم اپنی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اگر ایران کو ابھی نہ روکا گیا، تو وہ چند مہینوں میں جوہری ہتھیار حاصل کر سکتا ہے، اور شاید اس سے بھی پہلے۔”

نیتن یاہو نے مزید کہا کہ ایران کی جانب سے یورینیئم کی افزودگی میں غیرمعمولی تیزی اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ وہ ہتھیار بنانے کے انتہائی قریب پہنچ چکا ہے۔ ان کے بقول، اسرائیل اپنے دفاع کے لیے ہر وہ اقدام کرے گا جو ضروری سمجھا جائے گا، اور بین الاقوامی برادری کو بھی اس خطرے کی شدت کو سمجھنا ہوگا۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے اس مؤقف کے بعد خطے میں صورتحال مزید کشیدہ ہو سکتی ہے، جب کہ ایران کی جانب سے جوابی حملے کا خدشہ بھی بڑھتا جا رہا ہے۔

Related Posts