ایران میں حالیہ اسرائیلی حملوں کے بعد پاکستانی حکومت نے وہاں مقیم پاکستانی شہریوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرتے ہوئے ہاٹ لائنز قائم کر دی ہیں۔ نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایران میں موجود پاکستانیوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزارتِ خارجہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور ایرانی سفارت خانے کو مکمل طور پر الرٹ کر دیا گیا ہے۔ سیکریٹری خارجہ کا ایران میں پاکستانی سفیر سے رابطہ ہو چکا ہے اور ایرانی وزیرِ خارجہ سے بھی بات چیت متوقع ہے۔
وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ایران پر حملے کی سختی سے مذمت کی گئی ہے اور پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی سطح پر اقدامات کر رہا ہے۔ اسحاق ڈار نے پاکستانی شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ضرورت پڑنے پر فوری طور پر ہاٹ لائن سے رابطہ کریں تاکہ انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جا سکے۔حکومت کی جانب سے جلد ہاٹ لائن نمبرز اور ایمرجنسی رابطہ معلومات تمام سرکاری ذرائع سے فراہم کی جائیں گی۔ یہ اقدام اس حساس وقت میں حکومت کی بروقت حکمت عملی اور شہریوں کے تحفظ کی ترجیح کو ظاہر کرتا ہے۔














