مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ایران میں پھنسے پاکستانی شہریوں کی واپسی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق، تفتان بارڈر کے راستے 50 سے زائد پاکستانی وطن واپس پہنچے ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق، واپسی کا یہ سلسلہ حکومتی کوآرڈینیشن اور سیکیورٹی اداروں کے تعاون سے منظم انداز میں مکمل ہو رہا ہے۔ ایران سے آنے والے شہریوں کو ابتدائی جانچ، طبی امداد اور مکمل حفاظتی پروٹوکول کے تحت ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جب تک صورت حال معمول پر نہیں آتی، پاکستانیوں کی وطن واپسی کا عمل ترجیحی بنیادوں پر جاری رہے گا۔ سرحد پر جذباتی مناظر بھی دیکھنے کو ملے، جہاں کئی افراد اپنے پیاروں سے بغلگیر ہوتے نظر آئے۔ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ تناؤ کے باعث نہ صرف خطہ متاثر ہو رہا ہے بلکہ دیگر ممالک کے شہری بھی غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔ ایسے میں پاکستانیوں کی واپسی ایک مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔














