Welcome To Qalm-e-Sindh

ایران-اسرائیل جنگ بندی کے بعد فضائی حدود کھل گئیں، مگر فلائٹ آپریشن اب بھی بحال نہ ہو سکا

ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے بعد خطے میں فضائی حدود تو کھول دی گئی ہیں، لیکن فلائٹ آپریشن تاحال مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکا۔ ایران، عراق، اسرائیل اور دیگر متاثرہ ممالک کی فضائی حدود کھلنے کے باوجود بیشتر ایئرپورٹس پر ہوائی نقل و حرکت بدستور محدود ہے۔

ذرائع کے مطابق ایران نے اپنی فضائی حدود مشروط طور پر کھولی ہے۔ تہران سے بین الاقوامی پروازوں کے لیے اب بھی حکومت کی پیشگی اجازت درکار ہے۔ اب تک صرف مہان ایئر کی دہلی جانے والی ایک پرواز نے اڑان بھری ہے، جبکہ امام خمینی، تبریز، شیراز اور مشہد سمیت دیگر اہم ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن معطل ہے۔ امارات اور ترک ایئرلائنز کے درجنوں طیارے جو گزشتہ 12 دن سے ایرانی ایئرپورٹس پر پھنسے ہوئے ہیں، ان کی روانگی بدھ سے متوقع ہے۔

ادھر عراق کے شہر بصرہ سے پروازوں کا سلسلہ جاری ہے، تاہم بغداد جیسے بڑے ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن اب تک رکا ہوا ہے۔ اسرائیل نے بھی جنگ بندی کے بعد اپنی فضائی حدود کھول دی ہیں، مگر تل ابیب ایئرپورٹ پر جزوی سرگرمی بحال ہوئی ہے۔ بیشتر غیر ملکی ایئرلائنز نے اب تک اپنا آپریشن شروع نہیں کیا، جس کی وجہ سے درجنوں پروازیں منسوخ دکھائی جا رہی ہیں۔خطے کی عمومی صورتحال میں بہتری کے باوجود شام، لبنان اور قطر جیسے ممالک کے ایئرپورٹس بھی معمول کی سرگرمیوں سے محروم ہیں۔ دوحہ ایئرپورٹ پر پروازوں میں بدستور تاخیر ہو رہی ہے، جبکہ کچھ فلائٹس منسوخ بھی کی جا رہی ہیں۔

دبئی، کویت اور بحرین میں فلائٹ آپریشن نسبتاً معمول پر آ چکا ہے، مگر تاخیر کا سلسلہ ابھی ختم نہیں ہوا۔

Related Posts