Welcome To Qalm-e-Sindh

اگلی پاک-بھارت جنگ میں ٹرمپ کو مداخلت کا وقت نہیں ملے گا، بلاول بھٹو

واشنگٹن: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خبردار کیا ہے کہ اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان آئندہ جنگ چھڑتی ہے تو امریکی صدر ٹرمپ کے پاس اسے روکنے کا وقت نہیں ہوگا۔

واشنگٹن میں مڈل ایسٹ انسٹیٹیوٹ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن بھارت کے جارحانہ رویے اور مسلسل مداخلت نے خطے کو خطرناک حد تک غیر مستحکم کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت بلوچستان میں مداخلت کر رہا ہے اور دہشت گرد گروہوں جیسے بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کو سپورٹ کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ “کیا ہر دہشت گرد حملے کے بعد جنگ ہی واحد راستہ ہے؟ ہم نہیں چاہتے کہ خطہ کسی نئی جنگ کی لپیٹ میں آئے، لیکن بھارت کی طرف سے اگر اشتعال انگیزی جاری رہی تو حالات کسی کے قابو میں نہیں رہیں گے۔”بلاول بھٹو نے خبردار کیا کہ بھارت کا پاکستان کے پانی پر حملہ، اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے، اور اگر بھارت نے پانی روکا تو اسے “جنگی اقدام” سمجھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چھوٹا ہو یا بڑا، ہر ملک پانی کے لیے لڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں ٹرمپ انتظامیہ نے پاک بھارت کشیدگی میں کردار ادا کیا، لیکن اگر مستقبل میں جنگ چھڑ گئی تو شاید امریکہ کو مداخلت کا موقع بھی نہ ملے۔بلاول نے کشمیر کے مسئلے پر دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا، پاکستان اور بھارت کے درمیان پائیدار امن ممکن نہیں۔ انہوں نے مودی حکومت کی پالیسیوں کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ “مودی کا نیو نارمل درحقیقت ایک ابنارمل سوچ ہے، جو خطے کو جنگ کی طرف دھکیل رہی ہے۔”پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان نے ہر بار ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے، یہاں تک کہ بھارت کے جاسوس کلبھوشن کو زندہ گرفتار کیا، لیکن ہر واقعے پر جنگ نہیں چھیڑی۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کے لیے پاکستان اور بھارت کو جامع مذاکراتی عمل میں شامل ہونا ہوگا۔

Related Posts