Welcome To Qalm-e-Sindh

اگر پی ٹی آئی کے پاس جلسہ گاہ بھرنے کے لیے لوگ نہیں تھے تو ہم سے کہتے، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے کراچی میں ہونے والے جلسے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ باغِ جناح ایک بہت بڑا گراؤنڈ ہے، جسے بھرنا آسان نہیں ہوتا۔

انہوں نے خیبرپختونخوا کے وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی کے کراچی میں جلسے کے حوالے سے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے پاس گراؤنڈ بھرنے کے لیے لوگ نہیں تھے تو وہ ہم سے کہتے، ہم فراہم کر دیتے۔

دوسری جانب وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ پُرامن احتجاج اور پی ٹی آئی دو الگ الگ چیزیں ہیں۔

مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو اپنے صوبے میں کام کرنے پر توجہ دینی چاہیے، مگر وہ دیگر صوبوں میں پہیہ جام کرنے کی سیاست کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کراچی کے باغِ جناح میں جلسہ منعقد کیا تھا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ آج مختلف مقامات پر پولیس کی جانب سے سخت رویہ اختیار کیا گیا، تاہم اس کے باوجود بڑی تعداد میں کارکنان جلسے میں شریک ہوئے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پنجاب میں حکومت نے ان کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا، جبکہ سندھ میں بھی صوبائی حکومت کا رویہ مناسب نہیں رہا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ اس کے بعد اگلا پڑاؤ خیبرپختونخوا میں ہوگا اور اسٹریٹ موومنٹ کے ذریعے بانی پی ٹی آئی کا پیغام ملک بھر میں پہنچایا جائے گا۔

اسی دوران کراچی میں باغِ جناح کے اطراف پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان کے درمیان کشیدگی بھی دیکھنے میں آئی، جہاں بعض مقامات پر پتھراؤ ہوا اور پولیس نے کئی کارکنان کو حراست میں لے لیا۔

Related Posts