انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے اعلان کیا ہے کہ کمپنی اپنے سرچ فیچر کو مزید بہتر بنانے پر غور کر رہی ہے تاکہ وہ ٹک ٹاک جیسے حریفوں کا مقابلہ کر سکے۔ایک پوڈکاسٹ میں ایڈم موسیری نے اس بات کا اعتراف کیا کہ انسٹاگرام سرچ فیچر میں کافی کمی ہے اور اس پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ سوشل میڈیا ایپ کو استعمال کرنے والے صارفین کے لیے مواد تلاش کرنا آسان ہو سکے۔موسیری نے بتایا کہ حالیہ برسوں میں نوجوانوں نے روایتی گوگل سرچ کی بجائے ٹک ٹاک اور انسٹاگرام جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو مواد تلاش کرنے کے لیے ترجیح دینا شروع کر دیا ہے۔گوگل کی 2022 کی رپورٹ کے مطابق، سوشل میڈیا ایپس جیسے ٹک ٹاک اور انسٹاگرام نے گوگل کو بزنس اور میپس کے شعبے میں پیچھے چھوڑنا شروع کر دیا ہے۔ایڈم موسیری کا کہنا تھا کہ انسٹاگرام میں صارفین کے لیے مواد تلاش کرنے کے عمل کو زیادہ مؤثر بنایا جائے گا تاکہ وہ گوگل کی جگہ سوشل میڈیا کو سرچنگ کے لیے استعمال کریں۔