Welcome To Qalm-e-Sindh

امریکا اسرائیلی حملوں میں برابر کا شریک ہے، اس کا حساب دینا ہوگا: ایرانی وزیر خارجہ

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے تہران میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکا کو کھلے الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کے حملوں میں امریکا برابر کا شریک ہے اور اسے اس شراکت داری کا حساب دینا ہوگا۔عباس عراقچی نے کہا کہ ایران پر اسرائیلی حملے یکطرفہ نہیں، بلکہ ان کے پیچھے واشنگٹن کی مکمل پشت پناہی شامل ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایران نے جوابی کارروائی صرف اپنے دفاع میں کی، جو کہ بین الاقوامی قوانین کے عین مطابق ہے۔

وزیر خارجہ نے انکشاف کیا کہ امریکا کی جانب سے ایک مکتوب موصول ہوا ہے جس میں اسرائیلی کارروائیوں سے لا تعلقی ظاہر کی گئی، لیکن ایرانی انٹیلی جنس کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں جو امریکی شمولیت کو ثابت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فارس گیس فیلڈ جیسے اہم مقامات پر اسرائیلی حملے امریکا کی آشیر باد کے بغیر ممکن نہیں تھے۔ ایران نے اپنے جوابی حملوں میں صرف فوجی اور اقتصادی اہداف کو نشانہ بنایا، لیکن اگر مجبور کیا گیا تو ردعمل کی سطح بڑھائی جا سکتی ہے۔ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران خطے میں جنگ کو وسعت نہیں دینا چاہتا، لیکن اگر جارحیت کا سلسلہ نہ رکا تو ایران کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کی کھل کر مذمت کرے اور دوہرے معیار ختم کیے جائیں۔

ساتھ ہی عباس عراقچی نے عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی سے مطالبہ کیا کہ وہ نطنز نیوکلیئر ریکٹر پر اسرائیلی حملے کی سخت مذمت کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کسی ایسے معاہدے کا حصہ نہیں بنے گا جو اس کے پرامن جوہری حق کو سلب کرے۔

Related Posts