افغانستان میں گزشتہ دنوں آنے والے شدید زلزلے کے نتیجے میں انسانی جانوں اور املاک کو بھاری نقصان پہنچا ہے، اور اب تک ہلاکتوں کی تعداد 1,411 ہو چکی ہے، جب کہ 3,251 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
افغان حکام کے مطابق زلزلہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب آیا، جس کی شدت 6.0 ریکارڈ کی گئی۔ افغان ہلال احمر کے مطابق اس زلزلے کے نتیجے میں 8 ہزار سے زائد مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔
سرکاری رپورٹس کے مطابق زلزلے سے سب سے زیادہ تباہی صوبہ کنڑ میں ہوئی، جب کہ دیگر قریبی علاقے بھی شدید متاثر ہوئے ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد کے قریب تھا، اور اس کی گہرائی 8 کلومیٹر زیر زمین ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پہلا جھٹکا مقامی وقت کے مطابق رات 11 بج کر 47 منٹ پر محسوس کیا گیا، جب کہ تقریباً 20 منٹ بعد اسی علاقے میں 4.5 شدت کا ایک اور جھٹکا بھی آیا، جس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔
زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، تاہم محدود وسائل اور متاثرہ علاقوں کی دشوار گزار جغرافیائی صورتحال کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔














