Welcome To Qalm-e-Sindh

اسٹیٹ بینک کی شہریوں کو مالیاتی فراڈ سے ہوشیار رہنے کی ہدایت

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عوام کو مالیاتی فراڈ کے ایک نئے طریقۂ واردات سے خبردار کیا ہے، جس میں جعلساز “غلطی سے پیسے بھیجنے” کا ڈرامہ رچا کر شہریوں کو دھوکا دے رہے ہیں۔

مرکزی بینک کے مطابق فراڈیے خود کو معصوم ظاہر کرتے ہوئے دعویٰ کرتے ہیں کہ انہوں نے غلطی سے کسی کے اکاؤنٹ میں رقم منتقل کر دی ہے، اور فوری طور پر وہ رقم واپس کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ درحقیقت، یہ ایک سوچا سمجھا منصوبہ ہوتا ہے جس کا مقصد شہریوں کے اکاؤنٹس سے رقم نکالنا ہے۔

اسٹیٹ بینک نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ ایسی کسی بھی کال یا پیغام پر یقین نہ کریں، خاص طور پر اگر وہ کسی غیر رجسٹرڈ یا عام نمبر سے آئے ہوں۔ بینک نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی رقم کی واپسی سے قبل اپنی ٹرانزیکشن ہسٹری ضرور چیک کریں اور مکمل تصدیق کے بغیر کوئی بھی رقم منتقل نہ کریں۔

اگر کوئی فرد اس قسم کے فراڈ کا شکار ہو جائے تو فوری طور پر متعلقہ بینک سے رابطہ کرے اور واقعے کی اطلاع دے۔ اس کے ساتھ ساتھ مذکورہ نمبر کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) کے ہیلپ لائن 0800-25625 پر بھی رپورٹ کیا جائے۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ڈیجیٹل بینکنگ کے دوران مکمل احتیاط برتیں۔ کسی بھی شخص کو اپنی ذاتی معلومات، بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات یا ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) ہرگز نہ دیں، چاہے وہ خود کو کسی بینک کا نمائندہ ہی کیوں نہ ظاہر کرے۔

Related Posts