Welcome To Qalm-e-Sindh

اسٹیٹ بینک کا شرح سود 11 فیصد پر برقرار رکھنے کا اعلان

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے آئندہ دو ماہ کے لیے شرح سود 11 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مانیٹری پالیسی کمیٹی کے مطابق، مہنگائی کی حالیہ رفتار اور معاشی اشاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے موجودہ پالیسی ریٹ کو تبدیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مرکزی بینک کے اعلامیے کے مطابق، مئی 2025 میں افراط زر کی شرح 3.5 فیصد رہی، جو کہ توقعات کے مطابق ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مہنگائی میں بتدریج کمی آرہی ہے اور آئندہ مالی سال کے دوران قیمتوں میں مزید استحکام کی امید ہے۔اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ملکی معیشت سست روی سے نکل کر بہتری کی جانب گامزن ہے، جبکہ اقتصادی نمو میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ تاہم، تجارتی خسارے میں مسلسل اضافہ اور مالیاتی رقوم کی کمزور آمد، معیشت کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔

مانیٹری پالیسی کمیٹی نے اس خدشے کا اظہار بھی کیا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تجویز کردہ کچھ اقدامات، خاص طور پر درآمدات سے متعلق پالیسی فیصلے، تجارتی خسارے کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔اس پس منظر میں، کمیٹی کا مؤقف ہے کہ شرح سود کو موجودہ سطح پر برقرار رکھنا ہی موجودہ حالات میں قیمتوں اور معیشت کے استحکام کے لیے موزوں حکمتِ عملی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد مالیاتی شعبے میں اعتماد کو برقرار رکھنا اور افراط زر کی رفتار کو کنٹرول میں رکھنا ہے

Related Posts