پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے واضح کیا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کے دروازے کھلے ہیں، تاہم اصولوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینیٹر علی ظفر نے بتایا کہ عمران خان ملک کے مفاد میں مذاکرات کے لیے تیار ہیں، مگر “کچھ لو کچھ دو” کی سیاست کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر رعایت مانگنی ہوتی تو بہت پہلے مانگ چکے ہوتے، ان کا مطالبہ صرف انصاف ہے اور چاہتے ہیں کہ ان کے مقدمات جلد از جلد سنے جائیں۔ عمران خان نے پارٹی قیادت کو احتجاجی تحریک کے لیے تیار رہنے کی ہدایت بھی دی ہے اور کہا ہے کہ چند دنوں میں تحریک کا لائحہ عمل جاری کر دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب مزید خاموشی برداشت نہیں کی جائے گی اور وکٹ کے دونوں طرف کھیلنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔