Welcome To Qalm-e-Sindh

اسلام آباد میں موسلادھار بارش، مختلف علاقے زیرِ آب، نالوں میں طغیانی

اسلام آباد میں جاری موسلادھار بارش کے باعث مختلف علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں، سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

بارش کے نتیجے میں سیکٹر جی-11 سمیت متعدد علاقوں میں پانی بھر گیا، جہاں سڑکیں زیرِ آب آ گئیں اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ سیکٹر جی-8 مرکز میں گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں جبکہ بنی گالہ اور سری نگر ہائی وے پر بھی شدید پانی جمع ہو گیا۔ مسلسل بارش کے باعث میٹرو بس کا روٹ بھی متاثر ہوا اور کئی مقامات پر زیرآب آ گیا۔

ادھر ملکہ کوہسار مری میں بھی تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

ترجمان واسا کے مطابق، اسلام آباد کے علاقے سید پور میں 40 ملی میٹر اور گولڑہ میں 66 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی، شمس آباد میں 25 ملی میٹر، پیر ودھائی میں 35 ملی میٹر جبکہ نیو کٹاریاں میں 60 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

نالہ لئی اور دیگر برساتی نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق، کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 19.5 فٹ جبکہ گوالمنڈی پر 15 فٹ تک پہنچ گئی ہے، جو خطرناک حد کے قریب ہے۔

ایم ڈی واسا سلیم اشرف نے بتایا کہ ادارہ مکمل طور پر ہائی الرٹ پر ہے، اور شہر بھر میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ عملہ اور ہیوی مشینری فیلڈ میں موجود ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام نکاسی آب کے نظام کی مانیٹرنگ جاری ہے اور ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

Related Posts