Welcome To Qalm-e-Sindh

اسلام آباد میں معروف ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کی اصل وجہ سامنے آ گئی

اسلام آباد میں قتل کی جانے والی مشہور ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم عمر حیات عرف کاکا نے اعترافِ جرم کرتے ہوئے قتل کی اصل وجہ بتا دی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم، جو خود بھی ٹک ٹاک پر متحرک تھا، مقتولہ ثناء یوسف سے دوستی اور تعلق قائم کرنا چاہتا تھا۔ تاہم، ثناء یوسف کی جانب سے بارہا انکار اور مسلسل نظر انداز کیے جانے پر ملزم نے انتقامی جذبے کے تحت انتہائی قدم اٹھایا اور اسے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

ملزم واردات کے فوراً بعد شواہد مٹانے کی غرض سے مقتولہ کا موبائل فون لے کر فیصل آباد فرار ہو گیا تھا، تاہم پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے 12 گھنٹوں میں اسے گرفتار کرلیا۔

آئی جی اسلام آباد کے مطابق ملزم نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ وہ کئی ماہ سے مقتولہ سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہا تھا، اور ہر بار انکار کے بعد اُس نے دل برداشتہ ہو کر قتل کا منصوبہ بنایا۔

مقتولہ کے والد کا کہنا ہے کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی، اور وہ صرف انصاف چاہتے ہیں۔ پولیس کی جانب سے کیس کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچانے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

Related Posts