وفاقی دارالحکومت میں خود کو امریکی سفارت خانے کا اہلکار ظاہر کرنے والا ایک جعل ساز گرفتار کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم افغان شہری ہے اور فراڈ کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔ بتایا گیا ہے کہ ملزم گاڑی کے ذریعے ڈپلومیٹک انکلیو میں داخل ہوا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ امریکی سفارت خانے کی جانب سے متعلقہ افغان شہری کے بارے میں شکایت موصول ہوئی تھی، جس پر پولیس نے انٹیلی جنس اداروں کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔
ذرائع کے مطابق افغان باشندے کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔














