Welcome To Qalm-e-Sindh

اسلامی نظریاتی کونسل نے ودہولڈنگ ٹیکس کو غیر شرعی قرار دے دیا

اسلامی نظریاتی کونسل نے ودہولڈنگ ٹیکس کو غیر شرعی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ شریعت کے اصولوں کے خلاف ہے اور مالیاتی زیادتی کے مترادف ہے۔

یہ فیصلہ چیئرمین علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا، جس میں مختلف فقہی اور قانونی معاملات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں کونسل نے واضح کیا کہ ودہولڈنگ ٹیکس کا موجودہ طریقہ کار اسلامی اصولوں سے ہم آہنگ نہیں اور اسے ختم یا اس میں شرعی حدود کے مطابق ترمیم کی جانی چاہیے۔

اجلاس میں سپریم کورٹ کے 11 ستمبر کے اس فیصلے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا، جس کے تحت نکاح کے بعد رخصتی سے قبل طلاق کی صورت میں بیوی کو نان نفقہ کی ادائیگی لازم قرار دی گئی تھی۔ کونسل نے اس فیصلے کو قرآن و سنت سے متصادم قرار دیا اور کہا کہ اس حوالے سے اسلامی اصولوں کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔

انسانی دودھ ذخیرہ کرنے کے مراکز کے قیام کے حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل نے رائے دی کہ مخصوص شرائط کے تحت ایسے ادارے قائم کیے جا سکتے ہیں، تاہم اس سے پہلے ضروری قانون سازی کی جائے اور کونسل کو مشاورت کا حصہ بنایا جائے تاکہ شرعی پہلوؤں کو مدنظر رکھا جا سکے۔

کونسل نے دیت سے متعلق قانون میں مجوزہ ترامیم پر بھی اعتراضات اٹھائے۔ کونسل کا کہنا تھا کہ مجوزہ بل میں چاندی کو حذف کر کے سونے کی غیر شرعی مقدار کو معیار بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو قابل قبول نہیں۔ اسلامی تعلیمات کے مطابق دیت کی روایتی شرعی مقداریں — یعنی سونا، چاندی اور اونٹ — قانون کا مستقل حصہ رہنی چاہئیں۔

علاوہ ازیں، کونسل نے ذیابیطس کے مریضوں کے لیے حلال اجزا سے تیار کی گئی انسولین کے استعمال کی اجازت دے دی، تاہم واضح کیا کہ خنزیر کے اجزا پر مشتمل انسولین سے پرہیز کیا جائے۔ اس معاملے پر بھی مناسب قانون سازی کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ مریضوں کو متبادل اور شرعی طور پر درست علاج فراہم کیا جا سکے۔

اسلامی نظریاتی کونسل کے ان فیصلوں کا مقصد ملکی قوانین کو اسلامی تعلیمات سے ہم آہنگ بنانا ہے تاکہ عوام کے مذہبی اور شرعی تقاضوں کو مدنظر رکھا جا سکے۔

Related Posts