Welcome To Qalm-e-Sindh

اسرائیل کے خلاف جنگ میں کامیابی پر ایرانی بھائیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، نواز شریف

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیل کے خلاف جنگ میں فتح پر ایرانی بھائیوں کو گلے لگا کر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

یہ بات انہوں نے لاہور میں ایران کے سفیر سے ملاقات کے دوران کہی، جہاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال، توانائی اور تجارت کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، اور پاک ایران تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر اتفاق کیا گیا۔

نواز شریف نے کہا کہ ایران کے صدر کا لاہور آمد پر خیرمقدم کرنا ایک خوشگوار تجربہ تھا۔ ہم ایران کے ساتھ تعلقات کو اعلیٰ ترین سطح پر لے جانا چاہتے ہیں۔ جنگ کے دوران پاکستان کی دعائیں اور ہمدردیاں ایران کے ساتھ تھیں۔ انہوں نے ایران کے رہبرِ اعلیٰ کی شخصیت کو متاثرکن قرار دیا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے معاشی حالات میں بہتری آ رہی ہے، اور اب ہمسایہ ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم کرنا ہماری ترجیح ہے۔ بدقسمتی سے ماضی میں ہمسایوں کے ساتھ تعلقات خراب ہوئے، مگر اب ہم بہتری کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ ایرانی صدر کے حالیہ دورہ پاکستان نے دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط کیا ہے۔ ایران کی حکومت اور عوام کی ہمدردی اور یکجہتی دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کی عکاس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لیے حکومت پنجاب مؤثر اقدامات کر رہی ہے، اور بروقت اقدامات کی بدولت ہزاروں جانیں بچائی گئیں۔ مریم نواز نے مزید بتایا کہ انہوں نے تعلیم کے دوران خصوصی طور پر فارسی زبان کا مطالعہ کیا اور نواز شریف ہمیشہ ایران کے لیے دعاؤں کی تلقین کرتے رہے۔

ایرانی سفیر نے پاک ایران تعلقات کو قابلِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی روابط مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے فارسی زبان کو پنجاب کی جامعات میں فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا اور بتایا کہ ایران 9 نومبر کو علامہ اقبال ڈے منائے گا جبکہ ایرانی میوزیکل بینڈ بھی پاکستان کا دورہ کرے گا۔

Related Posts