Welcome To Qalm-e-Sindh

“اسرائیل کے بارے میں حکومت قائداعظم کی دی گئی قومی پالیسی پر قائم ہے”: وفاقی وزیر قانون

اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا اسرائیل کے بارے میں مؤقف وہی ہے جو بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے واضح طور پر قوم کے سامنے رکھا تھا، اور موجودہ حکومت اسی اصولی قومی پالیسی پر مکمل طور پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین ہمارے ایمان، نظریہ اور تاریخ کا حصہ ہے، کیونکہ مسلمانوں کا قبلہ اول بیت المقدس فلسطین میں واقع ہے۔ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ ہر سطح پر یکجہتی کا اظہار کر رہا ہے اور اپنی بساط سے بڑھ کر مدد فراہم کر رہا ہے، جس میں ریلیف سامان بھیجنے کے ساتھ ساتھ فلسطینی میڈیکل طلبہ کو پاکستان لا کر ان کی تعلیم کا بندوبست بھی شامل ہے۔ وزیر قانون نے ایوان کو بتایا کہ اسرائیلی جارحیت کے باعث پچھلے 17 ماہ میں 65 ہزار سے زائد بے گناہ فلسطینی شہید، ایک لاکھ 30 ہزار شدید زخمی، جبکہ 15 ہزار سے زائد لاپتہ ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کھلی نسل کشی کر رہا ہے، خواتین، بچوں اور عام شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، جبکہ غزہ کی پٹی کا انفرااسٹرکچر مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔ جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیلی بمباری جاری ہے، اور بدقسمتی سے کچھ عالمی قوتیں اس ظلم پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں، البتہ جنوبی افریقہ کی جانب سے اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ لے جانا ایک قابل ستائش اقدام ہے۔

Related Posts