Welcome To Qalm-e-Sindh

اسرائیل کا قطر کو جارحیت کا نشانہ بنانا غزہ امن مذاکرات سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے: پاکستان

حکومت پاکستان نے قطر پر اسرائیلی حملے کو بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی اور غزہ میں جاری امن مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیلی جارحیت کے بعد قطر کا ہنگامی دورہ کیا، جہاں انہوں نے امیر قطر سے ملاقات میں دوحہ پر حملے کو کھلی جارحیت قرار دیا۔ وزیراعظم نے مسلم دنیا کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے قطری قیادت کو پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی، جبکہ قطر کے ثالثی کردار کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ اسرائیل کا قطر کو نشانہ بنانا دراصل غزہ میں امن عمل کو متاثر کرنے کی کوشش ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان کے مطابق پاکستان نہ صرف قطر پر حملے بلکہ غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ مسئلہ فلسطین کا دیرپا اور منصفانہ حل صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں اور دو ریاستی فارمولے کے مطابق ممکن ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے مسلم امہ سے اسرائیلی اشتعال انگیزی کے خلاف متحد ہونے کی اپیل کی اور واضح کیا کہ پاکستان ہر سطح پر مظلوم فلسطینی عوام اور برادر ملک قطر کے ساتھ کھڑا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اس موقع پر قازقستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ مرات نورٹلیو کے حالیہ دورۂ پاکستان کی تفصیلات بھی بیان کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قازق وفد نے صدر، وزیراعظم اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں جن میں تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، آئی ٹی، تعلیم، سیاحت اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر گفتگو ہوئی۔

مزید کہا گیا کہ دونوں ممالک نے علاقائی روابط کو فروغ دینے اور وزارتِ خارجہ کی سطح پر تعاون کے ایکشن پلان پر دستخط کیے، جس سے باہمی تعلقات کو نئی سمت ملنے کی توقع ہے۔

Related Posts