Welcome To Qalm-e-Sindh

اسرائیلی فوج نے غزہ پر حملے تیز کر دیے، مزید 50 سے زائد فلسطینی شہید

غزہ پر اسرائیلی حملوں میں تیزی آ گئی ہے، جہاں شمالی غزہ میں رہائشی علاقوں کو مسلسل فضائی بمباری کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان تازہ حملوں کے نتیجے میں 50 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں خواتین، بچے اور بزرگ شامل ہیں۔

ہفتے کے روز اسرائیلی افواج نے حملے مزید تیز کرتے ہوئے غزہ کے مختلف علاقوں میں پمفلٹ گرائے جن میں فلسطینیوں کو فوری طور پر علاقہ چھوڑنے اور اپنی جان بچانے کی وارننگ دی گئی۔ تاہم، بار بار کی بمباری کے باعث شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا موقع بھی نہیں مل سکا۔ مقامی اطلاعات کے مطابق، ہر 10 سے 15 منٹ بعد فضائی حملے کیے جا رہے ہیں، جن کا ہدف اکثر بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہیں ہوتی ہیں۔

غزہ کے جنوب مغربی علاقے میں واقع پبلک پراسیکیوشن بلڈنگ کو بھی تین مختلف فضائی حملوں میں تباہ کر دیا گیا۔ وسطی غزہ کے بریج کیمپ میں حملے کے نتیجے میں ایک شخص شہید ہوا، جب کہ فلسطین اسٹیڈیم کے نزدیک بے گھر افراد کے خیمے پر حملے میں چار افراد جاں بحق ہوئے۔ خان یونس کے علاقے میں بھی حملے جاری رہے جہاں مزید تین فلسطینی شہید ہو گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہفتے کو کیے گئے مجموعی حملوں میں کم از کم 50 افراد شہید ہوئے، جب کہ شدید بھوک اور طبی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث 7 فلسطینیوں نے دم توڑ دیا۔

ادھر اطلاعات ہیں کہ غزہ میں جاری کارروائیوں کے لیے اسرائیل نے 8 ارب ڈالر کے اضافی فنڈز کی منظوری دے دی ہے، جسے مقامی سطح پر ممکنہ نسل کشی کی تیاری قرار دیا جا رہا ہے۔

غزہ میں انسانی بحران بدترین سطح پر پہنچ چکا ہے، جہاں خوراک، پانی، دوا اور پناہ گاہوں کی شدید قلت ہے، اور مسلسل بمباری نے عوامی زندگی کو مکمل مفلوج کر دیا ہے۔

Related Posts